شفقت محمود

image description

تعارف

شفقت محمود

شفقت محمود2013کے عام انتخابات میں پی ٹی آئی کے واحد امیدوار تھے، جنھوں نے مسلم لیگ ن کے گڑھ تصور کئے جانے والے شہر لاہور سے قومی اسمبلی کی نشست جیتی ۔

سیاست ان کا اکلوتا حوالہ نہیں۔ انھیں ایک سیاست داں اور بیوروکریٹ کی حیثیت سے بھی پہچانا جاتا ہے۔شفقت محمود 19 فروری 1950کو گجرات میں پیدا ہوئے۔ 1970میں انھوں نے پنجاب یونیورسٹی سے سائیکالوجی سے ماسٹرز کیا۔ بعد ازاں ہاروڈ یونیورسٹی کیمبرج اوریونیورسٹی آف جنوبی کیلیفورنیاسے پبلک ایڈمنسٹریشن میں ماسٹرز کی اسناد حاصل کیں۔

انھوں نے بیوروکریسی کا شعبہ اختیار کیا۔ ادھر1973 سے 1990تک مصروف رہے۔ انھوں نے اسسٹنٹ کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور جوائنٹ سیکرٹری وزیراعظم سیکرٹریٹ کے طور پر خدمات انجام دیں۔سیاست میں آنے کے ارادے سے 1990میں سرکاری ملازمت سے مستعفی ہو کر پاکستان پیپلزپارٹی کا رخ کیا، اور اس کے پلیٹ فارم سے سیاسی دنگل میں قدم رکھا۔

1994میں شفقت محمود پہلی بار سینیٹر منتخب ہوئے۔وہ پنجاب میں وزیراطلاعات، ثقافت، ماحولیات، ٹرانسپورٹ رہے، 1996سے فروری 1997تک وہ نگران حکومت کے دور میں بطور وفاقی وزیر برائے ماحولیات، لوکل گورنمنٹ،خوراک و زراعت کی ذمہ داریاں ادا کر تے رہے۔

سینیٹ کمیٹی برائے دفاع اور خارجہ امور کا ممبر رہنے کے علاوہ مختلف ادوار میں وہ پاکستان کی طرف سے مختلف ممالک کے لئے خصوصی ایلچی بھی رہے۔کالم نگار کے طور پر وہ عمران خان کے ناقد تصور کیے جاتے تھے۔ بالخصوص طالبان کے حوالے سے ان کی پالیسیوں کو انھوں نے ہمیشہ آڑے ہاتھوں لیا۔

13 دسمبر 2011کو اپنے وسیع تجربے کے ساتھ شفقت محمود نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی، جہاں انھیں مرکزی سیکرٹری اطلاعات کی ذمہ داریاں سونپی گئیں۔

آیندہ انتخابات میں وہ این اے 130 لاہور سے میدان میں اتریں گے۔