میاں افتخار حسین

image description

تعارف

میاں افتخار حسین


میاں افتخار حسین پاکستانی سیاست کا اہم حصّہ ہیں جو سنہ 1958 اپریل کی 15 تاریخ کو نوشیرہ کے علاقے پبّی میں پیدا ہوئے، آپ نے خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے مشہور تعلیمی ادارے جامعہ پشاور سے پشتو اور سماجی بہبود میں ماسٹر کی ڈگری حاصل کی۔

میاں افتخار حسین عوامی نیشنل پارٹی سینئر رہنما ہیں اور زمانہ طالب علمی میں پختونخوا ہ اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے سربراہ کی حیثیت سے بھی فرائض انجام دے چکے ہیں۔

میاں افتخار حسین  دہشت گرد تنظیم تحریک طالبان کے سخت مخالف ہیں یہی وجہ ہے کہ سنہ 2010 میں آپ اور آپ کے اہل خانہ کو دو مرتبہ ٹارگٹ حملوں میں نشانہ بنایا گیا جس میں آپ کا اکلوتا بیٹا راشد جاں بحق ہوگیا۔

عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر رہنما میاں افتخار حسین نے دہشت گردوں کے ہاتھوں جوان بیٹے کی شہادت کے بعد ’راشد شہید فاونڈیشن‘ کے نام سے این جی او کا قیام کیا جس کا مقصد نوجوان نسل کو تعلیمی میدان میں معاونت فراہم کرنا ہے۔

میاں افتخار حسین عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکریٹری اور سیکریٹری اطلاعات کے عہدوں پر بھی کام کرچکے ہیں، جبکہ حالیہ دنوں مرکزی جنرل سیکریٹری  کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

عوامی نیشنل پارٹی کے جنرل سیکریٹری تین مرتبہ خیبر پختونخوا اسمبلی کے ممبر منتخب ہوچکے ہیں۔ پہلی بار سنہ 1990 کے انتخابات میں رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے، دوسری مرتبہ 1997 میں خیبر پختونخوا اسمبلی رکنیت پائی جبکہ تیسری مرتبہ سنہ 2008 میں عام انتخابات میں حصّہ لیا اور الیکشن  میں بھاری ووٹوں کی اکثریت سے کامیاب ہوکر رکن صوبائی اسمبلی کی حیثیت سے قوم کی خدمت کی۔

میاں افتخار حسین ماضی میں صوبہ خیبر پختونخوا کی کابینہ میں بطور وزیر برائے اطلاعات و نشریات بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔