مرتضیٰ جاوید عباسی

image description

تعارف

مرتضیٰ جاوید عباسی 


ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ ن کے رہنما مرتضیٰ جاوید عباسی 15 مارچ 1970 کو اقبال جاوید عباسی کے گھر پیدا ہوئے انہوں نے ابتدائی تعلیم اپنے آبائی شہرایبٹ آباد سے حاصل کی۔

مرتضیٰ جاوید عباسی کے والد مرحوم حاجی جاوید اقبال عباسی سابق ضلعی ناظم ایبٹ آباد، ممبرقومی اسمبلی اور سینیٹر کے عہدوں پرفائز رہے۔

سیاسی سفر

مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق ڈپٹی اسپیکرقومی اسمبلی نے 2002ء میں اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز کیا اورقومی اسمبلی کے حلقہ این اے 18 سے الیکشن لڑا جس میں انہیں مسلم لیگ ق کے امیدوار سردار یعقوب نے شکست دی۔ اس الیکشن میں انہوں نے 32 ہزار 527 ووٹ حاصل کیے۔

انہوں نے 2008ء کے عام انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 18 سے دوبارہ الیکشن لڑا اور 72 ہزار586 ووٹ لے کر مسلم لیگ ق کے امیدوار کو شکست دی۔

مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید مرتضی عباسی نے 2013ء کے عام انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 18 سے الیکشن لڑا اور69 ہزار839 ووٹ لے کر پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار کوشکست دی۔

2013ء کے عام انتخابات میں مسلم لیگ ن نے کامیابی حاصل کی تو پارٹی کی جانب سے مرتضیٰ جاوید عباسی کو قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کے عہدے کے لیے نامزد کیا گیا۔ 3 جون 2013ء کو وہ قومی اسمبلی کے 18 ویں ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوئے۔ انہوں نے 213 میں سے 258 ووٹ حاصل کیے۔

مرتضیٰ جاوید عباسی قومی اسمبلی کی کمیٹی برائے انسداد منشیات کے چیئرمین بھی رہے۔ این اے 122 کے الیکشن میں دھاندلی کی شکایات پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو الیکشن کمیشن نے نااہل قرار دیا تو انہوں نے مختصر عرصے کے لیے قائم مقام اسپیکر قومی اسمبلی کی حیثیت سے ذمہ داریاں بھی نبھائیں۔