فہمیدہ مرزا

image description

تعارف

فہمیدہ مرزا کو پاکستان کی تاریخ میں قومی اسمبلی کی پہلی خاتون اسپیکر منتخب ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ بدین کے سیاسی خاندان سے تعلق رکھنے والی فہمیدہ مرزا کے شوہر ذوالفقار مرزا بھی اہم حکومتی عہدوں پر فائز رہے جبکہ وہ سابق صدر آصف علی زرداری کے قریبی دوست بھی سمجھے جاتے ہیں۔

پیدائش اور تعلیم

فہمیدہ مرزا 20 دسمبر 1956 کو کراچی میں پیدا ہوئیں۔ ان کے والد کا نام قاضی عبدالمجید عابد ہے جو سندھ کے ایک سیاسی خاندان سے ہیں۔

فہمیدہ مرزا نے حیدر آباد کے سینٹ میری کانونٹ سے اپنی تعلیم حاصل کی۔ سنہ 1982 میں انہوں نے لیاقت میڈیکل کالج سے ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کی۔

تعلیم مکمل کرنے کے بعد فہمیدہ مرزا ذوالفقار مرزا سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں۔

سیاست کے ساتھ ساتھ فہمیدہ مرزا کاروبار کے میدان میں بھی متحرک ہیں۔ وہ کراچی کی ایک ایڈورٹائزنگ کمپنی کی چیف ایگزیکٹو جبکہ مرزا شوگر ملز کی سی ای او بھی ہیں۔

سیاسی سفر

فہمیدہ مرزا نے اپنے سیاسی سفر کا آغاز سنہ 1997 سے کیا جب انہوں نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ اس سال عام انتخابات میں وہ پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر حلقہ این اے 225 بدین سے رکن قومی اسمبلی کا انتخاب جیتیں۔ یہ حلقہ اب حیدر آباد 1 کہلاتا ہے۔

سنہ 2002 میں وہ اسی حلقے سے دوبارہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئیں۔

سنہ 2008 میں اسی حلقے سے انتخاب جیتنے کے بعد وہ قومی اسمبلی کی 18 ویں اسپیکر منتخب ہوئیں۔ وہ اس عہدے پر منتخب ہونے والی پہلی خاتون تھیں۔

سنہ 2013 کے انتخابات میں اسی حلقے سے ایک بار پھر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئیں۔

رواں برس انتخابات سے قبل فہمیدہ مرزا اور ان کے شوہر ذوالفقار مرزا نے گرینڈ دیموکریٹک الائنس کا حصہ بننے کا اعلان کردیا جس کی قیادت مسلم لیگ فنکشنل کر رہی ہے۔